باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے آسٹریلین ہائی کمشنر جیفری شا نے الوداعی ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوئی،سپہ سالار نے افغانستان میں بڑھتے انسانی بحران کو روکنے کیلئے مخلصانہ کوششوں اور امن ومفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں خدمات انجام دینے پرآسٹریلین ہائی کمشنر سے اظہارتشکرکرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے تعاون کوسراہا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر جیفری شا نے افغان صورتحال میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، انہوں نے پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔