امن اورمحبت کا فروغ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات کا خاصہ ہے:وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

Dec 24, 2021 | 20:42

ویب ڈیسک

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبر کا دن مسلمانوں اور مسیحی برادری کیلئے یکساں طور پر خوشیوں بھرا دن ہے۔یہ حضرت عیسی  کا یوم ولادت بھی ہے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا بھی ۔کرسمس کا تہوار یگانگت ، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ خوشیاں بانٹنے سے محبت، بھائی چارے اور اخوت میں اضافہ ہوتا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امن اورمحبت کا فروغ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات کا خاصہ ہے۔ دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انبیاء کرام کی عزت و توقیر کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان دین اسلام کا لازمی جزو ہے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریو ںکو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔انہوںنے کہاکہپنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جارہاہے۔پنجاب حکومت نے رواں مالی برس اقلیتوں کیلئے بجٹ میں 5 گنا اضافہ کیا ہے اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا گیا ہے ۔ تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں 2فیصد خصوصی کوٹہ مقر ر کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ملک کو آگے لے جانے کیلئے ہمیں مل کر تحمل، برداشت اور رواداری کے کلچر کو آگے بڑھانا ہے ۔پاکستان ہم سب کا ہے لہٰذا بین الامذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے ان میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔وطن کو محبت کے شگوفوں سے سجانے کے لئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہو گا۔کرسمس پر تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک سچے پاکستانی کی حیثیت سے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا موثر کردارادا کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔

#/S

مزیدخبریں