تہران (اے پی پی) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا کہ ہم نے روس اور یوکرائن کے تنازع میں کسی بھی فریق کو کوئی فوجی ہارڈویئر نہیں بھیجا۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے شائع کردہ ایک بیان کے مطابق ایران نے جمعرات کو اس بات کا اعادہ کیا کہ اس نے روس، یوکرائن تنازع میں کسی بھی فریق کو کوئی ملٹری ہارڈویئر نہیں بھیجا ہے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ یوکرائن تنازع کو بین الاقوامی قانون کے مطابق حل کرنے کیلئے تیار ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے روسی صدر کے ریمارکس کہ یوکرائن تنازع جتنی جلدی ختم ہو جائے اتنا ہی بہتر ہے۔ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ اس تنازع کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق ختم کیا جائے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے اعتراف کیا کہ افغانستان میں فوجی انخلاءسے یوکرائن کو روس کے خلاف جنگ کیلئے وسائل فراہم کرنے میں مدد ملی ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ امریکہ کے کئی اتحادی اور شراکت دار ممالک نے افغانستان سے 2021ءمیں فوجی انخلاءکے فیصلے پر تنقید بھی کی تھی‘ لیکن اب یہ واضح ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں یوکرائن کو جنگ کیلئے ہتھیار فراہم کرنے میں آسانی رہی ہے۔
ایران/ اقوام متحدہ
یوکرائن جنگ میں کسی فریق کو فوجی سازوسامان نہیں بھیجا ایران: تنازعہ حل کرانے کیلئے تیار
Dec 24, 2022