نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی شمال مشرقی ریاست سکم میں تیزرفتار فوجی ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گر گیا جس کے نتیجے میں 3 افسران اور 13 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست سکم میں ایک ٹرک اور 3 دیگر گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ جٹن کے علاقے سے تھانگو جا رہا تھا کہ راستے میں ایک ڈھلوان پر ڈرائیور ٹرک پر قابو نہ رکھ پایا۔ فوجی ٹرک گہری کھائی میں گر گیا۔ فوجیوں کو نکالنے کیلئے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے 4 اہلکاروں کو شدیدزخمی حالت میں قریبی ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کھائی اتنی گہری تھی کہ امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ جاثے وقوعہ سے 19 فوجیوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئیں جن میں سے 3 اعلیٰ افسران اور 13 اہلکار تھے۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے حادثے میں فوجیوں کے جانوں کے نقصان پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ٹریفک حادثہ تھا جس میں دہشت گردی کے عنصر کا کوئی سراغ نہیں ملا‘ تاہم ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
بھارت فوجی ٹرک حادثہ