5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت‘ عدالت نے نیب کو سلمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا‘ شناختی کارڈ آئندہ لیکر آﺅں گا: ملزم

Dec 24, 2022


لاہور (خبر نگار) احتساب عدالت کے جج قمرالزماں نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کی عبوری ضمانت 7 جنوری تک منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے نیب کو سلمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا۔ سلمان شہباز نے خود کو ایف آئی اے کی خصوصی عدالت میں سرنڈر کیا، جس کے بعد عبوری ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی۔ عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ سلمان شہباز کا شناختی کارڈ عدالت میں پیش کیا جائے، جس پر سلمان شہباز نے جواب دیا کہ میرے پاس شناختی کارڈ ابھی موجود نہیں ہے، معذرت خواہ ہوں، آئندہ شناختی کارڈ لے کر آﺅں گا۔ جج نے کہا کہ شناختی کارڈ کی آج ضرورت ہے، یہ تو ہر وقت ساتھ ہونا چاہیے، شناختی کارڈ ہی ہماری اصل شناخت ہے۔ دوسرے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز ایف آئی اے سنٹرل کورٹ میں پیش ہوئے۔ جج کی عدم دستیابی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہوسکی۔ وکیل کے مطابق سلمان شہباز ایف آئی اے عدالت میں دوبارہ پیش ہوں گے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں بلاجواز نامزد کیا۔ عدالت میں طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے اور بغیر اطلاع اشتہاری قرار دیا گیا۔ اشتہاری قرار دینے سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، لہٰذا منی لانڈرنگ مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے لیے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
سلمان شہباز

مزیدخبریں