دشمن جو مرضی کر لے حکومت قائم رہے گی،قرآن ایکٹ،خاتم النبین بل پاس ہونے پر اللہ کا شکر:پرویز الہیٰ

Dec 24, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ خاتم النبیین یونیورسٹی اور قرآن ایکٹ کا بل پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔ متفقہ طور پر بل کی منظوری پر سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، پی ٹی آئی، مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تمام اراکین اسمبلی کی جانب سے بل کی منظوری سے مثبت اور اچھا پیغام گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ تمام سرکاری و نجی سکولوں میں ایف اے تک ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے اور اس ضمن میں صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہاکہ عمران خان اور ہماری حکومت کے دور میں دین کی سربلندی اور ختم نبوت کے حوالے سے تاریخ ساز قانون سازی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین کی خدمت کی سعادت عمران خان، پی ٹی آئی اور ہمیں دی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ حکومت نبی کریم کے صدقے عطا کی ہے اور اللہ تعالیٰ ہی اس کی حفاظت کرے گا۔ بلاشبہ جو دین کا کام کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن جو مرضی کرلے، یہ حکومت قائم رہے گی۔ تمام مخالفین کو ندامت اٹھانا پڑے گی۔ انشاءاللہ۔ دین کے دشمن ہمیشہ ناکام رہے ہیں اور رہیں گے۔ ہم کسی سے نہیں مانگتے، صرف اللہ تعالیٰ اور اللہ کے پیارے نبی سے مانگتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دین دار طبقے کی دعا ہے کہ ہم دین کی خدمت کے کام کو جاری رکھیں۔ انشاءاللہ ہم اور ہماری نسلیں دین کی خدمت کے کام کو جاری و ساری رکھیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کو فری لیگل ایڈ کی فراہمی کے لئے پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل کی پنجاب کابینہ سے منظوری بھی ایک تاریخی اقدام ہے اور اس بل کی منظوری سے عام آدمی کو پنجاب حکومت فری لیگل ایڈ دے گی۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ کم وسائل رکھنے والے افراد کو بہت ریلیف ملے گا اور ایک ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
پرویز الٰہی

مزیدخبریں