ایرانی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے رکاوٹیں دور کریں گے: اسحاق ڈار 

Dec 24, 2022


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا حوالہ دےتے ہوئے وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم بہترین لیول پر نہیں ہے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ کرنے کے سلسلہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے سرحدی منڈیاں کھولنے، بارٹر ٹریڈ، آزاد تجارتی معاہدے اور باہمی سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اور ایرانی سفیر نے باہمی دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک ہلال امتیاز اور ان کی ٹیم کے ساتھ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو این ڈی ایم اے کے موجودہ ورکنگ سٹرکچر کے ساتھ آفات سے قبل اور بعد کی تیاریوں کے بارے میں پریذنٹیشن کے ذریعے بریفنگ دی۔
اسحاق ڈار 

 ملاقات

مزیدخبریں