اربوں روپے کے ٹیکس ریفنڈز فوری جاری کیے جائیں:پی ٹی بی اے 


لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمائے کی قلت کو ختم کرنے کے لئے اربوں روپے کے ٹیکس ریفنڈز فوری جاری کیے جائیں۔ 15 فیصد حصے کی وصولی کے بغیر ریفنڈز جاری کئے جانے چاہئیں کیونکہ یہ ٹیکس دینے والوں کا قانونی و آئینی حق ہے جو اسے بروقت ملنا چاہیے۔ ایف بی آر کس کو ریفنڈز دیتا ہے اس کا کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آتا ،ایف بی آر جتنے ریفنڈز جاری کرتا ہے اس کی تفصیلات ٹیکس بارز کو بھی ملنی چاہئیں۔ان خیالات کاا ظہار پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین اورجنرل سیکرٹری چودھری قمرالزمان نے معیشت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار کے نائب صدور عامر شہزاد،طاہر محمود بٹ،شہباز قادر،فنانس سیکرٹری رانا کاشف ولائت،سیکرٹری اطلاعات شکیل اے خان اور ٹیکس بار کے ممبران بھی موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ ٹیکس بارز ،ٹیکس دہندگان اور حکومت کے محکمے کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہیں اس لئے حقائق ٹیکس بار ز کے علم میں ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ لاکھوں ٹیکس دہندگان کو بروقت ریفنڈز نہیں ملتے اور سرمائے کی قلت کی وجہ سے ان کے کاروبار بند ہو رہے ہیں،اگر یہی صورتحال بر قرار رہی تو کاروباری سر گرمیاں منجمد ہو جائیں گی جس کا حکومت کو ریونیو نہ ملنے کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑے گا۔ 


انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنے ہدف پورا کرنا چاہتا ہے تو اپنی سمت درست اور قانون پر عمل کرے،بے جا نوٹسز جاری کرنے کی بجائے حقائق پر مبنی نوٹسزکیے جائیں ،ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت دن بدن سکڑ کر رہ گئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اہلیت رکھتے ہیں مگر سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت ہچکولے کھا رہی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہاہے 

ای پیپر دی نیشن