گوشت،دالوں،دودھ،چائے،آٹے سمیت20اشیاکی قیمت میں اضافہ ہوگیا:ادارہ شماریات

Dec 24, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد وشمار جاری کر دیئے۔ جس کے مطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے 20 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 14 کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ زندہ مرغی کی فی کلو میں قیمت میں 29 روپے کا اضافہ ہوا، چائے کا 190 گرام کا پیکٹ 7 روپے مہنگا ہوا جبکہ آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 17 روپے اور چھوٹا گوشت فی کلو 5 روپے مہنگا ہوا، اس کے علاوہ گڑ، انرجی سیور، بلب، خشک دودھ، دال مسور، دال چنا اور دل ماش مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر فی کلو 22 روپے سستے ہوئے، آلو کی فی کلو قیمت میں 7 روپے سے زائد کی کم اور انڈے فی درجن 4 روپے سستے ہوئے۔ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 28.76 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ایل پی جی کے سلنڈر کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات

مزیدخبریں