پاکستان کمزور حریف نہیں: گری سٹیڈ، لگتا ہے آدھا پاکستانی ہوں: ایش سوڈھی


لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کےخلاف سیریز میں واش آﺅٹ کی شکست کے باوجود پاکستان کو کمزور حریف نہیں سمجھتے،کراچی میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنڈیشنز نیوزی لینڈ سے بہت مختلف ہیں، ہم صورتحال کو دیکھتے ہوئے سکواڈ منتخب کریں گے۔حالیہ کارکردگی کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر تھیں،ہمیں اپنے سکواڈ میں شامل کیے جانے والے نوجوان کھلاڑیوں سے بہت اچھی توقعات ہیں، امید ہے کہ وہ دورہ پاکستان میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔سپنر ابرار احمد بہت زبردست باﺅلنگ کررہے ہیں،ٹرینٹ بولٹ ہماری ٹیم کےساتھ نہیں لیکن ہماری تمام تر توجہ اپنے دستیاب کھلاڑیوں پر ہے۔ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے اور کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ کین ولیمسن نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ خود کیا، ولیمسن نے 6 سال ہر فارمیٹ کی کپتانی کی البتہ نئے کپتان ٹم ساﺅتھی ٹیم میں نئی اپروچ لے کرآئیں گے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹر ایش سوڈھی نے کہا کہ پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے اور مجھے لگتا ہے میں آدھا پاکستانی ہی ہوں۔ دادی اور نانا کا تعلق پاکستانی پنجاب سے ہے، میرا بھارت میں آبائی علاقہ لاہور سے زیادہ دور نہیں ہے ،پاکستان میں آج بھی رشتے دار ہیں۔ پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تیار ہوں، پہلی بار یہاں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئے ہیں ، پاکستان مضبوط ٹیم ہے،کوشش ہوگی کہ جہاں بھی ہوسکے ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کروں، نوجوانی میں شین وارن جیسا باﺅلر بننا چاہتا تھا۔ ریڈ بال کرکٹ کےلئے اپنا ایکشن تھوڑا تبدیل کیا ہے جس سے پیس مل رہی ہے، یہاں سپن ہوگا تاہم کسی غیر معمولی سپن کی توقع نہیں ہے، کوشش کروں گا کنڈیشن سے فائداٹھاکر پاکستانی بیٹرز پر پریشر ڈالوں۔ انگلینڈ کی سیریز کے نتیجے سے ہماری سیریز پر فرق نہیں پڑنا، سمجھتا ہوں کہ وائٹ واش کے باوجود پاکستان نے سیریز اچھی کھیلی لیکن انگلینڈ جو کرکٹ کھیل رہا وہ ہم نے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میں دیکھی نہیں۔پاکستان دوبارہ آنے کی بھی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی روز والد کےساتھ دوبارہ دورہ کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن