لاہورسمیت تمام اضلاع میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم 

Dec 24, 2022


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس میں خدمات سر انجام دینے والے تمام مسیحی ملازمین محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ جنہیں پولیس سروس میں بہترین ماحول اور پیشہ ورانہ ترقی کے نہ صرف یکساں مواقع دئیے جائیں گے بلکہ ان کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔آئی جی پنجاب نے اقلیتی ملازمین کی ویلفیئر کے خصوصی اقدامات کرنے کیلئے  کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ میں پنجاب پولیس کے تمام مسیحی ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جو اپنے فرائض مکمل ایمانداری، دیانت داری اور لگن سے سرانجام دیتے ہیں۔ صوبہ بھر میں منعقدہ کرسمس پروگرامز اور مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںکرسمس کی مناسبت سے مسیحی ملازمین کے اعزاز میں خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے مسیحی ملازمین کے ساتھ کرسمس کیک کاٹا اور عیدی تقسیم کی۔ عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ پنجاب پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے میں تمام مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ پنجاب پولیس ایک فیملی کی طرح ہے اورہم تمام ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں برابر کے شریک ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کے پیش نظر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت تمام اضلاع میں حساس و عوامی مقامات کے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع کے فیلڈ افسران کو سکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلا ع میں اہم تنصیبات، عبادت گاہوں، ہسپتالوں اور پارکوں سمیت دیگرحساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنائیں۔

مزیدخبریں