ملتان(ظفر لون سے) 2021 کی بد ترین صورتحال کے بعد سال 2022 میں بھی مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی صفر رہی، اور بہتری لانے کےلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے جا سکے مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث دونوں منڈیوں سبزی اور غلہ منڈی میں تجاوزات کی بھر مار رہی، قبضہ مافیا ہمیشہ کی طرح سرگرم رہا، انتظامیہ سے مارکیٹ کمیٹی کی ملکیتی اراضی بھی واگزار نہ کرائی جا سکی، مارکیٹ کمیٹی کی فیس کی وصولی کا دیا گیا ٹارگٹ بھی سیاسی دباو¿ کی بھینٹ چڑھ گیا۔ انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز اس سیاسی دباو¿ کے تحت اپنے اپنے پسندیدہ کمائی کے سرکلز میں براجمان رہے اور اس طرح یہ دیا گیا ٹارگٹ سال2022 کے اختتام کے قریب بھی پورا نہ کیا جا سکا اسی صورتحال کے باعث سبزی و فروٹ منڈی میں نقشہ کے بغیر غیر قانونی تعمیرات کو بغیر روک ٹوک تسلسل کے ساتھ جاری رکھا گیا۔ سبزی منڈی میں ہی بھتہ مافیا بھی مارکیٹ کمیٹی کے انسپکٹرز کی آشیر باد سے منڈی کے داخلی گیٹ، گول چکر پلاٹ اور اسکے اطراف تجاوزات قائم کروا کر خوانچہ فروشوں اور پھڑیوں سے روزانہ کی بنیاد پر 300 سے 500 روپے فی خوانچہ فروش اور فی پھڑیہ وصول کر کے روزانہ ہزاروں روپے اکٹھے کر کے آپس میں تقسیم کرتا رہا۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سائیکل اسٹینڈ بھی اس مافیا کے لیے ماہانہ لاکھوں کی آمدنی کا ذریعہ بنے رہے اور اسی طرح منڈی داخلی گیٹ پر سبزیوں کے بھرے ٹرکوں کو ان لوڈ کر کے بولیاں لگانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔ اس سے بھی خوفناک صورتحال سبزی و فروٹ منڈی کی نسبت غلہ منڈی میں رہی جہاں مارکیٹ کمیٹی کی ملکیتی اراضی پر لینڈ مافیا جعلی رجسٹری بنوانے کے بعد ایک طویل عرصے سے قابض ہے جبکہ اسی مافیا کے عزیز و اقارب اور کارندے مارکیٹ کمیٹی کے رہاشی کواٹرز پر قبضہ کر کے کواٹرز کو گوداموں میں تبدیل کر چکے ہیں۔ یہاں انتہائی افسوناک امر یہ ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کے ارباب اختیار غلہ منڈی میں موجود اپنی 100 سے زائد کرائے پر دی گئیں دکانوں کے کروڑوں کے کرایوں کی وصولی کو بھی یقینی نہ بنا سکے اور نہ ہی کرایوں کی ادائیگی نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کرایوں کی وصولی کے لئے کوئی کاروائی کی جا سکی۔ اسی طرح ملاوٹ مافیا نے غلہ مندی کی چار دیواری توڑ کر ملحقہ ماتم واں بستی کو غلہ منڈی کا حصہ بنا لیا۔ مارکیٹ کمیٹی کے دیے گودام بھی ٹرک اڈوں میں تبدیل ہو چکے ہیں لیکن اس صورتحال پر بھی مارکیٹ کمیٹی کے ارباب اختیار کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
سبزی و فروٹ منڈی
سبزی و فروٹ منڈی میں نا جائز قبضے،تجاوزات، کروڑوں کے کرائے وصول نہ ہو سکے:مارکیٹ کمیٹی کی کار جر دگی صفر
Dec 24, 2022