کراچی(کامرس رپورٹر) دوسرا ڈیلفا کیٹل شو 30دسمبر 2022سے یکم جنوری 2023 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا،کیٹل شومسلسل تین روز تک جاری رہے گا۔ کیٹل شو پاکستان کے ڈیری، لائیو اسٹاک، ایگری کلچر اور فشریز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کی افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہونے والا ایک ریگولر ایونٹ ہے۔ نمائش کا انعقاد بدر ایکسپو سلوشنز اور ڈیری ایگری کلچر لائیو اسٹاک فارمرز ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے کیا جارہا ہے جس میں سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ کیٹل شو کی اہم سرگرمیوں میں اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی نمائش، انٹرنیشنل بریڈ ڈسپلے اور کیم اینڈ ہارس شو کے ساتھ کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام شامل ہے جبکہ عام شرکاء کو بھی بھی مویشی خریدنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس تین روزہ شو کے دوران ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے والے پرگرام، پھولوں کی نمائش، پالتو جانوروں اور پرندوں کی نمائش کے علاوہ مویشیوں کی پریڈ اور فوڈ فیسٹیول شامل ہیں۔ڈیلفا کے پیٹرن ان چیف حارث مٹھانی کے مطابق یہ شو ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ڈیری اینڈ لائیو اسٹاک ایگری کلچر اور فشریز سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جس سے ملک کی معاشی نمو کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیلفا کے انعقاد کا مقصد ان شعبوں کے فارمرز کی جدید ٹیکنالوجی اور فارمنگ کے جدید طریقوں کے بارے میں آگہی کو فروغ دینا ہے جس سے ویلیو ایڈیشن بڑھے گی اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ شو کے انعقاد سے متعلقہ شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی ساتھ کارپوریٹ سیکٹر سے روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ ڈیلفا کے پہلے ایڈیشن میں 200سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی تھی۔ اس سال ہونے والے دوسرے ایڈیشن میں بھی ملکی و غیرملکی کمپنیوں سرکاری اور نجی اداروں کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔
ڈیری، لائیو اسٹاک فشریز اور ایگری کلچرنمائش 30دسمبر سے ہوگی
Dec 24, 2022