کراچی(کامرس رپورٹر)ٹیکسٹائل مصنوعات کی دنیا کی سب سے بڑی نمائش" ہیم ٹیکسٹائل "جرمنی کے شہرفرینکفرٹ کے وسیع وعریض دیوہیکل ہالز میں انعقاد کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔10سے13 جنوری 2023 کے دوران چار روز تک جاری رہے والی اس نمائش میں اس بار پاکستانی نمائش کنندگان کی اب تک کی سب سے بڑی شرکت ہوگی کیونکہ ہیم ٹیکسٹائل نمائش2023 میں 260 پاکستانی نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔ اس طرح پاکستان اس تقریب میں چوتھا بڑا ملک بن جائے گا اور پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں زائرین شریک ہونگے۔ہوم ٹیکسٹائل اور کنٹریکٹ ٹیکسٹائل کے لیے یہ معروف بین الاقوامی تجارتی میلہ 50 ممالک کے 2 ہزار400نمائش کنندگان کے ساتھ سال کے پہلے ایونٹ کے طور پر نئے سیزن کا آغاز کرے گا۔پاکستانی کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد ہال لیول 10 میں بیڈ لیلن، کچن لیلن اور ٹاولز کے ساتھ شرکت کریگی۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) بھی پاکستان کے سب سے بڑے قومی پویلین کے ساتھ اس نمائش میں شرکت کریگا۔