اسلام آباد+ لاہور + تلہ گنگ + گوجرانوالہ + قصور+ پشاور +کوئٹہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندگان +نامہ نگاران +بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔ ملک بھر سے عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلییوں کے لیے ہزاروں امیدوار میدان میں آگئے۔ دوسری جانب تین روز میں لاہور میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 89 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 321، صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں کیلئے ایک ہزار 270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی 4 نشستوں پر 78 امیدوار سامنے آگئے، صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر 243 کاغذات نامزدگی جمع ہوچکے، اسلام آباد کے تین حلقوں میں 45 امیدوار میدان میں آگئے۔پشاور میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے 54 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی این اے 89 میانوالی سے جمع کرائے گئے۔خیال رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اور جمع کرائے۔ فاروق ستار نے این اے 240 ساؤتھ اور این اے 244 ویسٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔خواجہ اظہار نے ویسٹ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ امیر کراچی حافظ نعیم الرحمان نے این اے 250 نارتھ ناظم آباد سینٹرل اور این اے 246 اورنگی، پی ایس 129 نارتھ ناظم آباد سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ سابق وفاقی وزیرشازیہ عطا مری ، ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری ، شہلا رضا، روبینہ قائم خانی، فرحین مغل نے مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ایم کیوایم کی اسما ساجد نے سندھ اسمبلی کی مخصوص نشست کے لئے کاغذات جمع کرائے، کشور زہرا اور آسیہ اسحاق نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر، ایم کیو ایم کی جیسیکا جینٹ جرار نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ مسلم لیگ ن کی مریم نواز نے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔مریم نواز کے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں، لاہور کے این اے 119 اور این اے 120 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرائیگئے ہیں۔ تلہ گنگ کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 59 کیلئے چودھری پرویز الہی اور بی بی قیصرہ الہی کے کاغزات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ حلقہ پی پی 23 ( ٹمن۔لاوہ)میں حافظ عمار یاسر اور بی بی قیصرہ الہی کے کاغزات نامزدگی آر او آفس میں جمع کرائے گئے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو قمبر کے حلقے این اے 197 اور لاڑکانہ شہر کے حلقے 194 سے نامزدگی فارم جمع کرائیں گے۔اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی تینوں نشتو ںپر ہفتہ کے روز این اے 46 میں 33 ، این اے 47 میں 40 جبکہ این اے 48 میں 36 نامزدگی فارمز جمع کروائے گئے۔ ضلع قصور میںچار حلقوں میں مزید 56امیدواروں نے کاغذات جمع کروا دیے۔قصور این اے 131سے 12، این اے 132کوٹ رادھا کشن سے سابقہ وزیر اعظم شہباز شریف کے علاوہ 16،اسی طرح سے قصور این اے 133چونیاں سے بھی 14، قصو ر این اے 134پتوکی سے بھی 14امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔ساہیوال این اے 141کیلئے سابق ایم این اے پیر سید عمران احمد شاہ ٗسابق تحصیل ناظم رانا عامر شہزاد ٗمیاں انوارالحق رامے ٗحافظ ماجد حسین رضوی ٗمحمدذکی چوہدری ٗپیر ہارون شاہ ٗ میاں رحمت اﷲ وٹو ٗ چوہدری عمر اسحاق ٗشاہد علی چوہان ٗمحمدنعیم آصف ٗاین اے 142کیلئے چوہدری آصف علی ٗچوہدری اشرف ٗعائشہ ارشد لودھی ٗشہزاد سعید چیمہ ٗ غلام فرید کاٹھیا ٗرائے منصب ٗاین اے 143کیلئے رائے حسن نواز خان ٗرائے مرتضیٰ ٗرائے اقبال ٗشہزاد سعدی چیمہ ٗملک نعمان لنگڑیال ٗچوہدری محمدطفیل جٹ اور دیگر نے کاغذات جمع کرائے ہیں ۔ ضلع میانوالی کی2 قومی اور 4 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر عمران خان سمیت درجنوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ حلقہ NA89 میانوالی ون پر سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان،پیپلزپسرٹی کے نوابزادہ ملک امیر محمد خان کالاباغ ن لیگ سے عبیداللہ شادی خیل، استحکام پارٹی کے میجر خرم حمید خان روکھڑی کے علاوہ دیگر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کر دیے۔ گوجرانوالہ کے 5قومی حلقوں میں 45 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ، صوبائی اسمبلی کے 12حلقوں سے 131امیدوارون نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔گوجرانوالہ سے مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،ڈاکٹر محمد مصطفے ججہ،چوہدری ذوالفقار علی اولکھ،چوہدری سیف اللہ مہر ،بابر اعجاز ورک ایڈووکیٹ الیکشن لڑیں گے۔ شیخوپورہ حلقہ پی پی 141 سے الحاج ملک محمداسلم بلوچ، تحریک انصاف کے چودھری علی بشیر ایڈووکیٹ، تحریک لبیک چودھری ذکاء عنایت بھٹی ، پیپلزپارٹی کے چودھری منیر قمر واہگہ ، خان محمدآصف خان ، جمیلہ یونس جبکہ تحریک لبیک کی طرف سے حلقہ این اے 115 سے چودھری چاند ظفر ورک نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے ہیں۔ تحصیل فیروز والامیں پی پی 138 میں 12 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنما پیر محمد اشرف رسول ، پی ٹی ائی کے ابوذرچدھڑایڈووکیٹ نے کاغذات جمع کرائے۔ حافظ آباد کے حلقہ این اے 67سے 14امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کروادیئے جن میں سائرہ افضل تاڑ، مظفر حسین تارڑ، شوکت علی بھٹی اور دیگر۔ نے کاغذات جمع کرائے۔
الیکشن: ہزاروں امیدوار میدان میں، کاغذات جمع کرانے کا آج آخری دن
Dec 24, 2023