لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2018میں لاڈلہ کہہ کر مسلط کیا گیا اور اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جارہاہے لیکن یہ تماشہ بہت ہو گیا ہے اب پاکستان کے عوام جاگ رہے ہیں ،لاڈلے اور معصوم کے لئے تبھی کام ہوتا ہے جب وہ ہارنے لگتا ہے ،پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے پہلے کہا میری حکومت کے خلاف سازش ہوئی ،یہ جنرل (ر) باجوہ تک پہنچی لیکن بند کمرے میں انہیں ہی توسیع کی پیشکش بھی کی ، محسن نقوی ، نواز شریف اور شہباز شریف سے ہوتے ہوئے اس نے کئی روٹ بدلے ،تم معیشت تباہ کر دو، لوگوں کا روزگار چھین لو ، خارجہ پالیسی ، قومی سلامتی کو دائو پر لگا دو ،جناح ہائوس جلا دو لیکن تم پھر بھی معصوم ہو ۔ پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے بندے کمرے میں کہا سائفر سے کھیلنا ہے اس پر سیاست کرنی ہے ، یہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا مسئلہ ہے ، لفافے میںکچھ نہیں تھا صرف بند لفافہ لہرایا گیا ، اگر اس میں سازش ہوتی ہے تو جو بھانڈ تھا وہ سامنے لاتا ۔ پہلے اسے لاڈلہ کہہ کر اور آرٹی ایس بٹھا کر مسلط کیا گیا تھا جبکہ تین دفعہ کے منتخب وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹا کر جیل ڈالا گیا ، اسے سسیلین مافیا ،گاڈ فادر کہا گیا ، لاڈلے کو لانے کے لئے آرٹی ایس کو بٹھانا پڑا ، جب عوام نواز شریف کو ووٹ دے رہے تھے اس کو ووٹ ڈلوانے کے لئے آرٹی ایس کو بٹھایا گیا ۔ جب اس کے خلاف آئین و قانون کے مطابق تحریک عدم اعتماد آئی تو سائفر کا لفافہ نکالا گیا اور غیر آئینی طو رپر اسمبلی تڑوائی گئی ، وزراء سے آئین تڑوایا گیا اور یہ مصوم شخص ہے ، سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا کہ آئین توڑا گیا ۔ آئین میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے درج ہے یہ کوئی سازش نہیں ہوتی ہے، لیکن معصوم نے کاغذ لہرایا اورخارجہ پالیسی کودائو پر لگا دیا، اس نے نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی ، اگر سازش تھی تو پڑھ کر سناتا کہ سائفر میںیہ لکھا ہے ،میری حکومت کے خلاف سازش ہے ، آپ وزیر اعظم تھے آپ کے پاس طاقت تھی،یہ معصومیت ہے ۔ ملک کے ساتھ کھیل کھیلو ،معیشت سے کھیلو ،لوگوں سے روزگار سے کھیلو،190ملین پائونڈ کا بند لفافہ کابینہ میں لہرائو اور کھا جائو اور معصوم ہو ،اربوں کی منی لانڈرنگ کرو اور تم معصوم ہو ،الیکشن کمیشن تم سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا پوچھے تو تم کہو تمہارے بچوں کو نہیں چھوڑوں گا،9مئی کو شہداء کی یادگاروں کو ٹھوکریں مارو اور یہ معصوم ہے، رینجرز ،پولیس کی گاڑیاں جلا دو ، نوجوانوںکو پیٹرول بم کی تیاری کی تربیت داور تم معصوم ہو ، ہسپتال ،سکول اور مسجد جلا دو ، جناح ہائوس جلا دو ،میٹرو جلا دو لیکن معصوم ہو ۔
2018میں لاڈلہ کہہ کر مسلط کیا ‘ اب معصوم کہہ کر لایاجارہا ہے، مریم اورنگزیب
Dec 24, 2023