لاہور (نیٹ نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام چار سالوں میں مہنگائی کا ظلم ڈھانے والوں کا سیاسی طور پر صفایا کر دیں گے۔ شہباز شریف سے سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، رانا مشہود، سردار اویس خان لغاری اور شاہین بٹ کی ملاقاتیں ہوئی، جس میں پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ رہنماؤں نے انتخابی تیاریوں اور اپنے حلقوں میں جاری سرگرمیوں سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابی معرکے کیلئے بھرپور تیاری اور گھر گھر جاکر عوام کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اور رہنما ہر گھر میں نواز شریف کا پیغام پہنچائیں،8 فروری 2024ء کے انتخابات کا فیصلہ عوام کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوام کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) فتح حاصل کرے گی۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہر حلقے اور اس کے عوام کو متحرک کرنے پر توجہ مرکوز رکھی جائے، انتخابی پرچی بتائے گی عوام کسے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ایک بار پھر عوام سے تمام وعدے پورے کریں گے۔ علاوہ ازیں لاہور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرکی قیادت میں وفد نے شہباز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں ن لیگ اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مابین سیٹ ایڈجسمنٹ کے معاملات پر مشاورت اور غوروخوض کے لیے 5رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں سینیٹر حافظ عبدالکریمم، سردار ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ خواجہ سعد رفیق اور ملک احمد خان شامل ہیں۔کمیٹی مشاورت کے بعد اپنی رپورٹ میاں نواز شریف کو پیش کرے گی۔ میاں نواز شریف سے جماعت کا وفد سوموار کو ملاقات کرے گا۔