لاہور(نامہ نگار)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے یوم پیدائش پر مسلم لیگ(ن)عمان کا خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) عمان کے صدرمحمد علی فضل اور رہنماء اعجاز مہاروی ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیں خطہ ارضی لیکر دیا جبکہ میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ناقابل تسخیربنایا ہے۔نواز شریف ہی ملک کو جناح کے ویژن کے مطابق چلا سکتے ہیں۔قائد اعظم محمد علی جناح اور میاں محمد نواز شریف کا نہ صرف یوم پیدائش ایک ہے بلکہ نواز شریف نے قائد کے ویژن پر حقیقی معنوں پر عملدرآمد کیا۔ اپنے سابقہ ادوار حکومت میں نواز شریف نے ثابت کیا ہے کہ وہ واحد رہنما ہیںجو پاکستان کے مستقبل کو محمد علی جناح کے تصور کے عین مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائدین نے اس پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں برسر اقتدار آنے کے بعد میاں نواز شریف پاکستان کو دوبارہ معاشی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیں گے۔ علاوہ ازیں فیصلہ کیا گیا کہ 25 دسمبر کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا یوم پیدائش انتہائی عقیدت اور جوش وخروش سے منایا جائے گا۔