لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کا اہم سیاسی مشاورتی اجلاس ملتان ممتاز آباد میں صوبائی صدر علامہ سید باقر علی نقوی کی زیرِ صدارات ہوا۔ اجلاس میں منظور کردہ اعلامیہ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملت جعفریہ کے حقوق کی جد و جہد جاری رکھی جائے گی اور موقع پرست ،نیم سیاسی پنڈتوں کو قوم کا سودا نہیں کرنے دیا جائے گا۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ آمدہ عام انتخابات میں سیاسی حمایت کا فیصلہ سربراہِ تحریک علامہ آغا سید حسین مقدسی کریں گے جس پر پوری قوم لبیک کہے گی۔ اعلامیہ میں دفاعی اداروں، عساکرِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور دہشتگردی کے مکمل انسداد کیلئے مؤثر آپریشن اور موسوی امن فارمولے پر عمل درآمد کو ناگزیر قرار دیا گیا۔ اعلامیہ میں نظریہ اساسی کو درپیش فکری انحطاط کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے فرموداتِ قائد اعظم محمد علی جناح و تصوراتِ علامہ محمد اقبال کو نظریاتی حصار قرار دیا گیا اور حکومت سے فکرِجناح و اقبال کے مؤثر ابلاغ کا مطالبہ کِیا گیا۔ تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کے اجلاس میں 8 ریجنل صدور نے مواصلاتی ذرائع سے ورچوئل شرکت کی۔ اختتامِ اجلاس پر ملک و قوم اور عالمِ اسلام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کا غیر معمولی اجلاس، تمام ریجنل صدور کی شرکت
Dec 24, 2023