نعیم غوث کاسیدہ کلثوم حئی ،محمد شاہد کے ہمراہ دورہ لاہور چیمبر ،ظفر محمود سے ملاقات  

لاہور(کامرس رپورٹر ) سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل پنجاب نعیم غوث نے ڈی جی لیبر سیدہ کلثوم حئی اور ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد شاہد کے ہمراہ  لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری سے ملاقات کی۔ملاقات کا مقصد پاکستان کی مجموعی ترقی کیلئے کاروباری برادری کی ترقی کو بڑھانے کیلئے باہمی تعاون کے ماحول کو فروغ دینے پر تھا۔ سیکرٹری لیبر و انسانی وسائل پنجاب نعیم غوث نے قوم کی ترقی اور خوشحالی میں تاجر برادری کے کلیدی کردار پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ پنجاب تجارت اور صنعت کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے سہولت کار کے طور پر خدمات انجام دینے کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ محکمہ نے ایک ایسی لیبر فورس بنانے کے وژن کے ساتھ پالیسیاں مرتب کی ہیں جو قومی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنے کے قابل ہو۔ نعیم غوث نے صنعتی ترقی میں لیبر کے بنیادی کردار پر زور دیتے ہوئے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے لیبر مینجمنٹ اور صنعتی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے تاجر برادری سے مسلسل تعاون کی خواہش کی۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے کاروباری برادری اور سرکاری محکموں کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے ہموار تعاون کیلئے ضروری قرار دیا۔ ظفر محمود چوہدری نے مختلف لیبر ٹیکسوں سے متعلق ٹیکس کی ادائیگیوں کی فریکوئنسی کو سال میں ایک بار کرنے کی تجویز دے کر ایک عملی قدم تجویز کیا، جس کا مقصد عمل کو ہموار کرنا اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی حصول کے مشترکہ وژن کے ساتھ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے دونوں اطراف سے عزم پر زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن