نیشنل ایکسپورٹرز ٹریننگ پروگرام ، ای کامرس 101 کے 4 تربیتی سیشنز  

Dec 24, 2023

لاہور (کامرس رپورٹر )ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لیہ، ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ملتان، ڈیرہ غازی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے ایکسپورٹرز کیلئے 19 دسمبر سے 22دسمبر کیلئے نیشنل ایکسپورٹرز ٹریننگ پروگرام اور ای کامرس 101 کے 4 تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جس میں لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور وہاڑی کے نئے برآمد کنندگان اورمینوفیکچررز کو تربیت دی گئی۔ ڈپٹی منیجر افشاں عروس نے برآمدات بڑھانے کیلئے ماڈیولز کا تعارف کرایا۔ ممکنہ برآمد کنندگان برآمدی استفسارات کو ٹھوس برآمدات میں تبدیل کرنے کیلئے ان ماڈیولز کو استعمال کر سکتے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عادل مختار نے E-Commerce101 اور Amazon میں نئے برآمد کنندگان اور مینوفیکچررز کو تربیت دی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان علی عمر ٹیپو نے ٹی ڈی اے پی کی جانب سے ایکسپورٹر ٹریننگ سیشن اور ای کامرس کے انعقاد میں فراہم کی جانے والی سہولت پر روشنی ڈالی۔ مزید برآں سٹیٹ بنک آف پاکستان کے نمائندوں نے سٹیٹ بنک آف پاکستان کی ایکسپورٹ فنانس اور سبسڈی سکیمیں پیش کیں۔ سیشن کے دوران متعدد موضوعات پر بات کی گئی۔، جن میں برآمدی دستاویزات اور طریقہ کار، برآمد کنندہ بننے کا طریقہ، تجارتی نقشے کے اوزار کا استعمال، INCOTERMS، برآمدی فنانسنگ سکیمیں اور ادائیگی کے طریقے، ای کامرس ریونیو ماڈل، ای کامرس کی اقسام، اور پاکستان ٹریڈ پورٹل۔ جنوبی پنجاب کے تمام سٹیشنوں پر ان سیشنز کے دوران پھلوں اور سبزیوں، ٹیکسٹائل، سیمنٹ، پولٹری، فرنیچر، چاول، دستکاری، زیورات اور انجینئرنگ کے سامان کے کاشتکار اور مینوفیکچررز موجود تھے۔ ڈائریکٹر ملتان نے ملتان میں برآمدات کے فروغ اور سہولت کاری میں ٹی ڈی اے پی کا کردار پیش کیا۔

مزیدخبریں