اسرائیل کی طرف سے غزہ سےفلسطینیوں کو انخلاء کے لیے دیےجانے والے نئے حکم کے بعد اقوام متحدہ کے پناہ گزین کے لیے قائم ادارے نے کہا ہے غزہ میں اب کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جبری انخلا ء کا حکم جمعہ کے روز سامنے آیا تھا۔ حکم دیا گیا تھا کہ غزہ میں بے گھر کیے گئے فلسطینی البریج پناہ گزین کیمپ اور اس کے اردگرد کو خالی کرکے دیر البلح سے آگے مزید جنوب کی طرف نقل مکانی کر جائیں اس میں ان کے محفوظ رہنے کا امکان ہے۔
تھامس وائٹ نے سوشل میڈیا پر اس پر رد عمل میں کہا ہے کہ پچھلے ہفتوں میں غزہ میں رہنے والے فلسطینی بارہا نقل مکانی کرچکے ہیں۔ انہیں مہرے سمجھ کر اس طرح کے احکامات جاری نہ کیے جائے۔اسرائیلی فوج فلسطنیوں کو جہاں نقل مکانی کرنے کا کہتی ہے ان کے اس جگہ پہنچنے پر وہی بمباری کردیتی ہے۔ اب غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے اور نہ ہی رہنے کے لیے خالی ہے۔نقل مکانی کے حکم کے بعد ہزاروں فلسطینیوں نے جمعے کے روز جنوب کے رخ کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے۔ انروا کے مطابق اسرائیل کے اس نئے حکم کی وجہ سے تقریبا ڈیڑھ لاکھ فلسطینیوں کو ایک مرتبہ پھر نقل مکانی کرنا پڑ رہی ہے۔ اب تک کے اندازے کے مطابق 19 لاکھ فلسطینی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔