نگران حکومت نے بھارت میں ٹریڈ افسر تعینات کرنے کیلئے سابقہ حکومت کے پلان پرعمل درآمد روکتے ہوئے ٹریڈ افسرتعینات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا.
سابق وزیراعظم شہبازشریف نے بھارت کے ساتھ تجارت کی معطلی کے باوجود نئی دلی سمیت بیرون ملک 40 ٹریڈ افسران تعینات کرنے کیلئے عمل شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔رواں سال جولائی میں اتحادی حکومت کے دور میں بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتیوں کیلئے اشتہار شائع کیے گئے تھے، کل 40 آسامیوں میں نئی دلی بھی شامل تھا۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے بیرون ممالک 39 ٹریڈ افسران تعینات کرنے کی منظوری دیدی تاہم ان 39 ممالک میں بھارت کے نئی دلی کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اتحادی حکومت کے دور میں تجارت معطلی کے باوجود بھارت میں ٹریڈ افسر کی تعیناتی کا عمل شروع کیا گیا تھا-سابق وزیراعظم شہبازشریف نے بھارت میں گریڈ 20 کی ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ منسٹر کی آسامی ختم کرتے ہوئے گریڈ 19 کی ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر آسامی کی منظوری دی تھی-ذرائع وزارت تجارت کے مطابق بھارت کے ساتھ تجارتی پالیسی پر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارت معطل کردی تھی۔