پری پول دھاندلی ہو رہی ، 1977 ء والا فارمولا استعمال کرنے سے جمہوریت پٹڑی سے اتر جائیگی: محمد علی درانی

Dec 24, 2023 | 18:01

سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا ہے کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات نے 1977 میں ہونے والے بدنام زمانہ الیکشن کی یاد تازہ کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان، کاغذات نامزدگی، انتخابی سرگرمیوں کا حق اور آزادی اظہار چھین لینا الیکشن نہیں، سلیکشن کا عمل ہے۔ جمہوریت کیخلاف یہ جنگ سب کی شکست بن جائے گی۔ پنجاب انتظامیہ کے زور پرپری پول رگنگ کرکے 1977 کے انتخابات کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ 1977 کے اقدامات کا انجام بھی 1977 والا ہی ہو گا ۔ 1977 والا فارمولا 2024 میں استعمال ہو گا تو ملک، جمہوریت، عوام اور ادارے 1977 والے حالات سے ہی دوچار ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ”ووٹ کو بے عزت“ کرکے کبھی ’انتخابی عزت“ نہیں پا سکتے۔ 1977 والے انتخابات کرانے کا سب سے بڑا نقصان خود نوازشریف اور اُن کی جماعت کو ہو گا۔محمد علی درانی نے خبردار کیا کہ ”ووٹ سے جنگ“ میں جمہوریت پٹڑی سے اتر جائے گی۔ عدلیہ ملک کو 1977 کے حالات اور انجام سے بچانے میں کردار ادا کرے۔ ورنہ ایک اور داغ ان کے دامن کو مزید داغدار کر دے گا۔

مزیدخبریں