کراچی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور مسلسل کئی روز کی مندی کے بعد آج مارکیٹ میں زبردست ریکوری رہی۔ انڈیکس سو سے زائد پوائنٹس بڑھ کر گیارہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح عبور کرنے میں کامیاب رہا ،کاروبار کے آغاز پر ہونے والی تیزی اختتام تک محدود ہوگئی، اوجی ڈی سی اور پی ٹی سی ایل کے نتائج نے سرمایہ کاروں کو مایوس کیا ۔ اوجی ڈی سی کی جانب سے سرمایہ کاروں کو منافع نہ دینے کی خبر اور منافع کے حصول کے لیے شئیرز کی فروخت مارکیٹ کو گیارہ ہزار پانچ سو پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے لے گئی۔کاروبار کے اختتام پر فرٹیلائزر سیکٹر میں سپورٹ کے باعث کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس سولہ پوائنٹس اضافے کے بعد گیارہ ہزار پانچ سو انتالیس پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی کاروباری حجم آٹھ کروڑ شئیرز رہا جہانگیر صدیقی ، ایزگرڈ نائن اور بینک آف پنجاب میں نمایاں سودے ہوئے۔ ایک سو چھیاسی کمپنیاں آج بھی کاروبار کے اختتام پر مندی کی لپیٹ میں رہیں جب کہ چھیانوے کمپنیوں کے شئیرز کی قیمت میں اضافہ ہوا۔دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ دس پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار تین سو ستانوے پوائنٹس پر بند ہوئی۔ مارکیٹ میں چھیانوے کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا بایئس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ، پینتیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ انتالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔