لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن کے صدر زوریز لاشاری نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ سوئمنگ پول ڈینگی کی افزائش کا باعث نہیں بنتے اور سوئمنگ پول جیسی صحت مند سرگرمیوں کو بند نہ کیا جائے ان کا کہنا تھا کہ تمام سوئمنگ پولز میں کیمیکلز اور صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ زوریز لاشاری نے کہا کہ ماہرین بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ سوئمنگ پول میں ڈینگی کی افزائش نہیں ہوتی جلد وزیر اعلٰی پنجاب کو مل کر انہیں ان رپورٹس سے آگاہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں پنجاب نے 32 ویں نیشنل گیمز کی میزبانی کرنی ہے جس میں سوئمنگ کے ایونٹ کی تیاری کے لیے ہمارے سوئمرز کو گرمیوں میں تیاری کرنے کا موقع ملتا ہے، گذشتہ سال بھی سوئمنگ کے سیریز میں سوئمنگ پولز کو بند کر دیا گیا تھا اس مرتبہ ایسا نہ کیا جائے تاکہ ہمارے کھلاڑی مقابلوں کی تیاری بھرپور طریقے سے کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئمنگ پولز کی صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کو ڈینگی سوئمنگ پولز میں پیدا ہوتا ہے۔