اسلام آباد(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے الیکشن کمشن کی ہدایت پر ٹیکس نادہندگان کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے سیل قائم کردیا ہے۔ آئی آر ایس کمشنر سیل کے انچارج ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کیساتھ مفاہمت کی روشنی میں ایف بی آر نے کمشنر ان لینڈ ریونیو سروسز کی سربراہی میں سیل قائم کردیا ہے جو ٹیکس نادہندہ امیدواروں کو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے کمشن کی معاونت کرے گا۔ذرائع کے مطابق سیل میں الیکشن کمشن کی ضرورت کے مطابق عملہ تعینات کیا جائے گا،سیل نے ٹیکس نادہندہ موجودہ ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیز کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کردی ہیں جبکہ انتخابات کے اعلان کے بعد کاغذات نامزدگی فائل کرنے والے ٹیکس نا دہندہ دیگر امیدواروں کی فہرست بھی کمشن کو فراہم کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر الیکشن کمشن کو اپنے ڈیٹا تک آن لائن رسائی بھی دے گا۔