سنچورین (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں فالوآن کا شکار ہو گئی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 409 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔ ہاشم آملہ نے 92، اے بی ڈیویلیئرز نے 121، ورنن فلینڈر نے 74، کپتان سمتھ 5، این پیٹرسن 10، پلیسس 29، ایلگر 7، جے پیٹرسن 28، ایبٹ 13، کلین ویلڈٹ صفر پر آوٹ ہوئے۔ ڈیل سٹین 5 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ راحت علی نے 6، احسان عادل نے 2 اور یونس خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ایک کھلاڑی رن آوٹ ہوا۔ سعید اجمل، محمد حفیظ اور اظہرعلی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں 46 رنز کا آغاز ملا مگر باقی تمام کھلاڑی کریز پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے آوٹ ہوتے رہے۔ پوری ٹیم 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ محمد حفیظ 18، عمران فرحت 30، اظہر علی 6، یونس خان 33، کپتان مصباح الحق 10، اسد شفیق 6، سرفراز احمد 17، سعید اجمل صفر، احسان عادل 9، محمد عرفان صفر رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ راحت علی صفر رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کے جے ایبٹ نے تباہ کن باولنگ کی اور پہلے ہی میچ میں 29 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ورنن فلینڈر نے 2، ڈیل سٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم کا دوسری اننگز میں آغاز بھی تباہ کن ثابت ہو ا۔ اوپنر محمد حفیظ ڈیل سٹین کی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ان کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز عمران فرحت کی بجائے اظہر علی نے کیا ۔ حفیظ کے آﺅٹ ہونے پر یونس خان میدان میں اور آخری خبر آنے تک قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 14رنز بنا لئے تھے ۔ یونس خان 8 اور اظہر علی5 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں ۔پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 239 رنز کی ضرورت ہے جبکہ 9 وکٹیں باقی ہیں۔ دوسرے روز مجموعی طور پر 15 وکٹیں گریں۔ آج میچ کا چوتھا دن ہے ۔