سیﺅل (اے پی پی) 16 ویں ایشین جونیئر ٹیم سکوائش چیمپئن شپ میں پاکستانی بوائز ٹیم نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 2-0 سے زیر کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم فتح یاب رہی۔ گرلز ایونٹ میں بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیموں نے فائنل کےلئے کوالیفائی کیا ہے۔ پاکستان کی گرلز ٹیم نے چائنیز تائپے کو 3-0 سے ہرا کر ساتویں پوزیشن حاصل کر لی۔ سیﺅل، جنوبی کوریا میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے بوائز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ پہلے سنگل میچ میں پاکستان کے سید علی مجتبی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ملائیشیا کے سنجے سنگھ چل کو 11-7، 11-5 اور 11-7 سے ہرایا، دوسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے طیب اسلم نے ملائیشیا کے محمد عامر کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرایا، دونوں مقابلوں میں فتح کی بدولت پاکستان نے فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 2-1 سے زیر کیا۔ گرلز کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے ملائیشیا کو 2-1 جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ نے جاپان کو زیر کیا۔ بوائز ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی۔ گرلز ایونٹ کے فائنل میں بھارت کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہو گا۔