2022ءتک قادرپور، سوئی سدرن فیلڈز سے گیس ختم ہو جائے گی: ڈاکٹر عاصم

 کراچی (ثناءنیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے ملک اس وقت گیس کے شدید بحران کا شکار ہے ان حالات میں شیل گیس سمیت تمام نئی گیس فیلڈز پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سمیت تمام ایسے منصوبے جو ملک کی بہتری کیلئے ہونگے انہیں مکمل کیا جائے گا۔ ضیاءالدین یونیورسٹی ہسپتال کے آڈیٹوریم میں پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم خود اپنے قدرتی وسائل کو بری طرح ختم کر رہے ہیں، 2022ءتک قادر پور گیس فیلڈ اور سوئی سدرن گیس فیلڈ گیس پیدا کرنے کے قابل نہیں رہیں گی ۔ ایران پاکستان، ترکمانستان پاکستان گیس پائپ لائن منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہر شہری کا فرض ہے وہ قدرتی وسائل کے بے جا استعمال سے گریز کرے اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے صرف گیس پر ہی انحصار نہ کرے ۔ بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے عالمی سطح پر گیس کے حصول کے لئے نئے معاہدے کرنا ہوں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن