لاہور (حافظ محمد عمران)سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور انگلینڈ ٹیم کے بائولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ پہلا ایشیائی ہوں جو کرکٹ ایجاد کرنے والے ملک انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی کوچنگ کر رہا ہوں۔ اب میں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، چیئرمین کرکٹ بورڈ سے بات ہوئی ہے وہ کرکٹ کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں بنگلہ دیش میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ تک انگلینڈ ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائوں گا، اس کے بعد انگلش حکام سے بات کرونگا کہ وہ مجھے پاکستان کے لئے ریلیز کر دیں وہ وقت نیوز کے پروگرام ’’گیم بیٹ‘‘ میں اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔پاکستان میں کرکٹ کا سسٹم درست کرنا ہے۔میں 1990ء کے ساتھی کرکٹرز سے بات کر رہا ہوں ۔ مصباح الحق کی فٹنس اگر ٹھیک ہے تو انہیں 2015ء کے ورلڈ کپ تک کپتان مقرر کر دینا چاہئے ۔ پاکستان کے ڈومیسٹک سٹرکچر کی خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے صحیح عہدے کیلئے صحیح شخص کا انتخاب کیا جائے اور جس شخص کو جو ذمہ داری سونپی جائے وہ اسے ملک کیلئے خدمت سمجھ کر ادا کرے۔ انگلینڈ کے بعض کھلاڑیوں میں مزید کچھ کرنے کی بھوک ختم ہو گئی تھی اس لئے حالیہ پرفارمنس اتنی اچھی نہیں رہی۔معین خان کوچ بن چکے ہیں اب سب کو ان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں۔ انہیں مناسب وقت دیا جانا چاہئے اور پھر نتائج مانگنے چاہئیں۔
ورلڈکپ تک انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھاؤں گا : مشتاق احمد
Feb 24, 2014