کابل / اسد آباد (اے ایف پی + رائٹر + نوائے وقت نیوز) افغان طالبان نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغانستان کے صوبے کنڑ کے علاقہ میں فوجی چیک پوسٹ پر علی الصبح حملہ کرکے 21 سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور 7 کو اغوا کر لیا۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ترجمان عبدالغنف مصمم نے بتایا کہ ضلع غازی آباد میں گزشتہ روز علی الصبح بھاری ہتھیاروں سے لیس افغان طالبان نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ ادھر صوبائی گورنر شجاع الملک نے کہا ہے کہ مذکورہ چیک پوسٹ کے کچھ فوجی طالبان سے ملے ہوئے لگتے ہیں۔ حملہ آوروں کو ان کی معاونت حاصل تھی۔ ادھر طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے‘ تاہم اپنے جاری بیان میں انہوں نے کسی فوجی کی حملے میں معاونت کے حوالے سے کوئی تذکرہ نہیں کیا نہ ہی گورنر کے دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہو سکی ہے۔ علاوہ ازیں افغان فورسز نے حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کر دیا ہے۔