تربت : جھڑپ ‘ پانچ شدت پسند جاں بحق‘ ڈیرہ بگٹی : بم دھماکہ باراتی خاتون ہلاک‘ دشت میں کمشنر مکران کی گاڑی پر فائرنگ

تربت+ ڈیرہ بگٹی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) تربت کے علاقے چاہ سر میں مسلح افراد کی ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ، جھڑپ کے دوران جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور ہلاک ہو گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 3 موٹر سائیکل برآمد کر لی گئیں۔ ڈی پی او تربت کے مطابق 5 حملہ آور مارے گئے۔ دریں اثناء دشت میں کمشنر مکران کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ سے کمشنر مکران عبدالفتح بنگر محفوظ رہے۔ دریں اثناء مستونگ میں نامعلوم افراد نے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے گھر کی دیواروں کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ سبی میں آج سے شروع ہونے والے میلے میں دہشت گردی کا خدشہ ہے۔ کالعدم مسلح تنظیمیں میلے کے دوران بم حملے کرسکتی ہیں۔ صوبائی حکومت نے ایف سی اور لیویز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ دریں اثناء ڈیرہ بگٹی کے علاقے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ خاتون بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زین لوٹی میں بارات لیکر گاڑی جارہی تھی کہ سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے میں گھیرے میں لیکر نعش اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن