لندن (اے پی اے) بے راہروی سے نالاں مغربی باشندوں کی قطار اندر قطار دائرہ اسلام میں شمولیت سے امریکہ اور برطانیہ تشویش میں مبتلا ہو گئے ۔ برطانوی جریدے اکانومسٹ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں خواتین کی دو تہائی اکثریت نے اس لئے اسلام قبول کیا کہ وہ کسی مسلمان سے شادی کرنا چاہتی تھیں دیگر لوگ اس لئے اسلام کی طرف مائل ہو رہے ہیں کہ وہ برطانوی معاشرے میں پھیلی بے راہ روی اور فحاشی سے تنگ آچکے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ برطانیہ میں سالانہ 5200افراد مسلمان ہوتے ہیں اور وہاں اب نومسلم افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ امریکہ میں مقیم 60لاکھ سے زائد امریکی مسلمانوں میں سے ایک چوتھائی نو مسلم ہیں، اس تیزی سے امریکی مسلم آبادی میں اضافے سے امریکی انتظامیہ پریشانی میں مبتلا ہے، نائن الیون کے بعد امریکہ میں سالانہ 30ہزار افراد اسلام قبول کر رہے ہیں۔ اسلام قبول کرنے میں جیلیں مو ثر جگہ ثابت ہورہی ہیں، برطانوی جریدے کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں مردم شماری کے دوران شہریوں سے ان کے ماضی کے مذہب کے بارے سوال نہیں کیا جاتا اور برطانوی مساجد بھی نومسلم کا کوئی ریکارڈ مرتب نہیں کرتیں۔ کچھ نومسلم اپنے خاندان اور دوستوں کے ردعمل کی وجہ سے تبدیلی مذہب کو خفیہ رکھتے ہیں۔
بے راہروی سے نالاں مغربی باشندے تیزی سے اسلام قبول کرنے لگے: امریکہ، برطانیہ کو تشویش
Feb 24, 2014