لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد اہلسنت علامہ شاہ احمد نورانی کی جے یو پی گزشتہ روز باضابطہ طور پر تقسیم ہو گئی۔ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر جمعیت علماء پاکستان کے بلامقابلہ صدر اور پیر ناصر جمیل ہاشمی بلامقابلہ سینئر نائب صدر بن گئے جبکہ سیکرٹری جنرل کے عہدہ کیلئے ڈاکٹر ممتاز ہاشمی خفیہ بیلٹ کے ذریعے منتخب ہوگئے۔ انتخابات کلئے ہونیوالے مجلس شوریٰ کے بعض ارکان کی جانب سے بلامقابلہ انتخاب پر کڑی تنقید ہوئی اور پری پول رگنگ کے الزامات بھی عائد کئے گئے۔ انتخابی عمل مکمل ہونے پر مرکزی عہدیداروں اور چاروں صوبوں کے تنظیموں نے حلف اٹھایا۔ بعدازاں نومنتخب صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو پی کے تقسیم کی وجہ بعض ناعاقبت اندیش رہنما ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی آپریشن نہیں مذاکرات ہی مسائل کا حل ہے۔ حکومت اور طالبان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر سیز فائر کا اعلان کریں۔ گذشتہ روز جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی انتخابات لاہور ڈیفنس میں ہوئے۔ انتخابی عمل میں جے یو پی کے ترجمان کے مطابق تقریباً 230 ممبران شوریٰ نے حصہ لیا۔ ناظم اعلیٰ کے انتخاب کیلئے چار امیدوار میدان میں تھے، ان امیدواروں کے انتخاب کیلئے کل 157 ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے پڑے اور ڈاکٹر ممتاز ہاشمی 95 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔
علامہ شاہ نورانی کی جے یو پی باضابطہ تقسیم، ڈاکٹر ابوالخیر زبیر بلامقابلہ صدر منتخب
Feb 24, 2014