بوریوالہ، حادثے میں جاں بحق دلہن، 6 رشتہ دار سپردخاک، دولہا کی سمندری میں تدفین

 بورے والا+سمندری  (نامہ نگاران) پولیس بس اور کار کے تصادم میں دولہا دلہن سمیت ایک ہی خاندان کے آٹھ جاں بحق افراد کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی، دولہا کی میت اُسکے آبائی گائوں شوکت آباد سمندری روانہ، ایک ہی گھر سے سات افراد کے جنازے اُٹھنے پر کہرام برپا، ہر آنکھ اشکبار، انجمن تاجران نے سانحہ کے سوگ میں دوکانیں اور کاروباری مراکز بند رکھے، حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کیلئے تعزیت یا امدادی اعلان نہ کرنے پر شہریوں میں غم و غصہ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب نواحی گائوں 431 ای بی چیچہ وطنی روڈ پر پنجاب کانسٹیبلری کی تیز رفتار بس اور کار کے خوفناک حادثے میں سمندری کے محنت کش دولہا محمد ارشد اور بوریوالہ لکڑی منڈی کی رہائشی اسکی دلہن پروین سمیت 8 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے دلہن کے کزن محمد جمیل اسکی بیوی پروین اور دو بیٹوں کی حادثہ میں ہلاکت کے بعد گھر میں اُسکا 9 سالہ بیٹا غلام فرید جو دوسری گاڑی میں سوار تھا بچ گیا حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دولہا محمد ارشد کی میت اُسکے آبائی گائوں شوکت آباد سمندری روانہ کر دی گئی جبکہ دیگر 7 افراد کو بورے والا کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا جب سات افراد کے جنازے اُٹھے تو لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اس سانحہ کے سوگ میں ضلعی صدر انجمن تاجران محمد جمیل بھٹی کی اپیل پر شہر کے کاروباری مراکز اور دوکانیں بند رہیں نماز جنازہ میں ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں ایم پی اے ارشاد احمد آرائیں، ڈی پی او وہاڑی صادق علی ڈوگر، سابق ایم پی اے خالد سلیم بھٹی، تاجر رہنمائوں عبدالجبار شاکر، محمد صغیر رامے اور دیگر نے شرکت کی۔ دوسری جانب کسی بھی حکومتی عہدیدار کی طرف سے اس واقعہ پر تعزیت کا اظہار یا حادثے میں جاں بحق غریب خاندان کی مالی امداد کے لیے کسی قسم کا اعلان نہ کئے جانے پر نماز جنازہ میں شریک ہزاروں افراد میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا تھا۔ قبل ازیں المناک حادثے کی خبر ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی صادق علی ڈوگر بورے والا پہنچ گئے اور فوری طور پر پولیس انتطامیہ کی نگرانی میں میتوں کے کفن دفن کے انتظام کے علاوہ غریب خاندان کی مالی امداد بھی کی اور وہ نعشوں کی تدفین تک مرکزی قبرستان میں موجود رہے۔ ڈی پی او وہاڑی نے اس واقعہ کی غیر جابنداری تحقیقات کیلئے اے ایس پی آصف احمد اور ڈی ایس پی ٹریفک راجہ شاہد نذیر پر مشتمل دو رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دیدی۔ دلہن کے بھائی عبدالرشید کی مدعیت میں بس کے ڈرائیور پنجاب کانسٹیبلری کے کانسٹیبل محمد ریاض کے خلاف تھانہ شیخ فاضل میں مقدمہ درج کر لیا گیا اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے حادثے میں جاں بحق ہونے والا محمد جمیل اپنے بھائی کی وفات کے بعد ذاتی کار ٹیکسی چلا کر اپنے اور خاندان کے دیگر افراد کی اکیلا کفالت کرتا تھا۔ اس حادثے میں اُس کی کار بھی تباہ ہو گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بوریوالا میں ٹریفک حادثے کے دوران ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔بعدازاں سمندری کے مرحوم  دولہا  ارشد کی  نماز جنازہ فیصل آباد  روڈ فٹبال گراؤنڈ  میں ادا کی گئی جس میں سیکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور بڑے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...