مکرمی! آجکل الیکٹرانک/ پرنٹ میڈیا میں پنجاب دیہی روڈ پروگرام کا بڑا چرچا ہے گائوں کارلووالہ تحصیل منکیرہ میں واقع ہے۔ تھل کا حصہ ہونے کے باوجود علاقے میں چنے کے ساتھ گندم کپاس سورج مکھی پیاز اور دالیں کاشت کی جاتی ہیں۔ یہاں سے خربوزہ اور پیاز نہ صرف جھنگ بلکہ فیصل آباد ٹوبہ گوجرہ کمالیہ چیچہ وطنی ساہیوال تک کی منڈیوں میں فروخت ہوتا ہے۔ کارلووالہ سے جھنگ بھکر روڈ جانے کیلئے سب سے شارٹ فاصلہ حیدر آباد تھل براستہ لڈا گائوں ہے۔ حیدر آباد تھل سے لڈا تک 18 فٹ چوڑی بہترین سڑک موجود ہے۔ اس پر ریت کے ٹیلے بھی نہیں لڈا گائوں سے کارلووالہ تک چار یا پانچ کلو میٹر سڑک کچی ہے۔ اس ٹریک نما راستے کی وجہ سے کارلووالہ سے دس کلومیٹر سفر کے بعد منکیرہ گوہروالہ جوہر آباد سڑک کو اپروچ کرتے ہیں وہاں سے منکیرہ بیس کلو میٹر ہے۔ منکیرہ سے دوبارہ حیدر آباد تھل کی جانب آتے ہیں اگر حیدر آباد تھل سے گائوں کارلووالہ براستہ لڈا سڑک بن جائے تو اس سے 35 کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلہ کم ہو جائے گا۔ خادم اعلیٰ سے گزارش ہے کہ لڈا (حیدر آباد تھل) سے کارلووالہ تک روڈ کا مختصر ٹوٹا پختہ سڑک میں بن جانے سے علاقے کے عوام آپ کو دعائیں دیں گے۔(غلام فرید، ریٹائرڈ سرکاری ملازم بھکر)