اسلام آباد یونائٹڈ پاکستان سپر لیگ کی پہلی چیمپین بن گئی

دبئی(نمائندہ سپورٹس+نوائے وقت رپورٹ+این این آئی)اسلام آباد یونائٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پہلی پاکستان سپر لیگ جیت لی۔متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلے جانے والے فائنل میں ٹاس اسلام یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بسم اللہ خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا ۔ بسم اللہ خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔کیون پیٹرسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد کیساتھ مل کر سکور کو 33 رنز تک پہنچایا اور 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔احمد شہزاد نے کمار سنگاکارا کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا اور کوئٹہ کو 120 رنز کی مستحکم پوزیشن پر لاکھڑا کیا ۔ احمد شہزاد کو ایک موقع بھی ملا جب عمران خالد نے ان کا کیچ گرادیا ۔ سنگاکارا 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے برق رفتار 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد نواز کو جلدی بھیجا گیا تاہم وہ سیموئیل بدری کو 16 ویں اوور میں ایک چھکا رسید کرنے کے بعد اگلی گیند پر بولڈ ہوگئے تو کوئٹہ کا اسکور 135 رنز تھا۔احمد شہزاد 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز 9 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی۔ کپتان سرفراز احمد صرف 3 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹے۔انورعلی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 10 گیندوں کا سامنا کیا۔ گرانٹ ایلیٹ نے آخری گیند پر آندرے رسل کو چھکا رسید کرکے اننگز کو مکمل کردیا وہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ناتھن میکولم کوئی رن بنائے بغیر کھڑے رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں پر 174 رنز بنائے۔آندرے رسل نے 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اسلام آباد نے 175 رنز کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا ۔ پہلی وکٹ 54 کے مجموعی سکور پر گری جب شرجیل خان 13رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔سمتھ اور ہیڈن نے سکورکو139رنز تک پہنچا دیا۔ سمتھ 51 گیندوں پر 71 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ہیڈن 61رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ اسلام یونائٹڈ نے ہدف 4وکٹوں پر پوراکرلیا۔ٹاس سے قبل سٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں سے مہمان خصوصی اور پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، فائنل کھیلنے والی ٹیموں کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہارکیا، انہوں نے کہا کہ لیگ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔ پاکستان سپر لیگ نے کرکٹ شائقین کو خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ سیزن I کے فائنل کے مقابلے نے شائقین کرکٹ کو گھروں میں محصور کردیا۔ چائے کے ہوٹلوں، پان شاپس پر میچ دیکھنے والوں کا رش رہا جبکہ کئی مقامات پر بڑی سکرینیں لگا کر بھی شائقین کرکٹ نے اپنی تمام مصروفیات ترک کردیں اور میچ کا ٹاس ہونے کے بعد اختتامی تقریب تک ٹی وی کے آگے بیٹھے رہے ۔ خصوصاً اسلام آباد اور کوئٹہ کے عوام میں بھرپور جوش و خروش عروج دیکھا گیا جبکہ دیگر شہروں میں بھی شائقین کرکٹ نے پہلے فائنل میں بھرپور دلچسپی دکھائی۔ شہری علاقوں میں پان شاپس ، چائے کے ہوٹلوں اور حجام کی دکانوں پر فائنل دیکھنے والوں کا رش رہا ۔ اسلام آباد اور کوئٹہ میں کئی مقامات پر بڑی سکرینیں لا کر میچ دکھانے کے انتظامات کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ،قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) ناصر خان جنجوعہ ،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ،صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور بیوروکریسی نے دبئی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھا اور دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے کیلئے ایوب سٹیڈیم میںبڑی سکرین لگائی گئی تھی اور لوگوںنے ایوب سٹیڈیم میں جوش و جذبے کے ساتھ میچ دیکھا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...