سپرلیگ فائنل، دونوں ٹیموں کا بلاول بختاور، شیخ مبارک النہیان سے تعارف کرایا گیا

دبئی (نمائندہ سپورٹس+ آن لائن) پاکستان سپرلیگ کے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کا متحدہ عرب امارات کے شیخ النہیان المبارک ، بلاول اور بختاور بھٹو سے مختصر تعارف کرایا گیا ۔ دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے شیخ نہیان المبارک اور بلاول بھٹو نے مصافحہ کیا۔ بختاور بھٹو بھی ان رہنمائوں کے ساتھ تھیں۔ سپر لیگ کے فائنل میچ میں وفاقی حکومت کے کسی بھی نمائندے نے شرکت نہیں کی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری بھٹو نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا خوش کن تاثر ابھرا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے لیگ کے انتظامات اچھے انداز میں کئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد پر پی سی بی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایونٹ کو سوشل میڈیا پر فالو کرتا رہا ہوں، یہ پہلا موقع ہے کہ سٹیڈیم آ کر میچ دیکھ رہا ہوں۔ پاکستان سپر لیگ سے بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ یہ پاکستان کا ایونٹ ہے اور ایونٹ کے فائنل میچ میں موجودگی کھیل سے محبت ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ مبارکباد کا مستحق ہے۔ اس کھیل کے بارے میں پاکستان کے عوام بہت شعور رکھتے ہیں۔ اگلا ایڈیشن پاکستان میں ہونا چاہئے، ہم سب کی یہی کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز آئندہ برس اپنے میدانوں پر ہوں. وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کھیل کو کھیل کی طرح ہی لینا چاہئے۔ ہم بھی اپنے صوبے میں یوتھ فیسٹیول کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری کے ہمراہ میچ دیکھنے پہنچے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، لاہور، کراچی اور کوئٹہ کے کورکمانڈرز بھی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے والوں میں شامل تھے۔ معروف گلوکار علی ظفر اور عاطف اسلم سمیت شوبز کی دنیا کی معروف شخصیات پاکستان سپر لیگ کے فائنل سے لطف اندوز ہوتی رہیں۔

ای پیپر دی نیشن