زرداری کی ہدایت پر جرائم میں ملوث پی پی رہنمائوں سے ملا: ڈاکٹر عاصم کا انکشاف

Feb 24, 2016

کراچی (کرائم رپورٹر+این این آئی) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین سے جے آئی ٹی کی تفتیش میں مزید اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ ملزم نے آصف علی زرداری کی ہدایت پر جرائم میں ملوث پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ایم کیو ایم اور گینگ وار کے ملزموں کے درمیان تصادم کے لئے پیپلزپارٹی کے رہنما اسلحہ فراہم کرتے تھے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم نے اعتراف کیا کہ سابق صدر زرداری کی ہدایت پر جرائم میں ملوث پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ذوالفقار مرز ا، اویس مظفر ٹپی اور قادر پٹیل لیاری گینگ وار گروپ کے معاملات دیکھتے تھے۔ بابا لاڈلا اور عزیر بلوچ گروپ کو اسلحہ فراہم کیا جاتا تھا لیاری گینگ وار کے ملزم اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کی کلنگ وارداتیں کرتے تھے۔ پی پی کے تینوں رہنما ایم کیو ایم اور لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے درمیان تصادم کے معاملات بھی دیکھتے تھے۔ عاصم حسین نے بیان دیا کہ جس علاقے میں رہتا ہوں وہاں ایم کیو ایم کی اکثریت ہے اور انکے ٹارگٹ کلر متحرک تھے اس لیے ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے خوش گوار تعلقات ضروری تھے۔ ایم کیو ایم کے ایسے رہنماؤں سے تعلقات تھے جو ٹارگٹ کلرز کو سپورٹ کرتے تھے۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ ان کے ایم کیو ایم کے جن رہنماوں کے ساتھ تعلقات تھے ان سب پر مقدمات درج ہیں۔ جن میں قائد متحدہ کے خلاف 33 ، فاروق ستار15 ، حیدر عباس رضوی 3 ، وسیم اختر 4 ، ندیم نصرت 1 روف صدیقی 3 مقدمات درج ہیں۔ اسکے علاوہ محمد انور ، مصطفی عزیز آبادی اور سلیم شہزاد سے بھی مراسم تھے۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ملزم کی نشاندہی پر تمام افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم کیس میں رینجرز نے نارتھ ناظم آباد میں ان کے ضیا الدین ہسپتال میں چھاپہ مارا، ہسپتال کے ریکارڈ کی چھان بین اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی جبکہ ترجمان پاکستان رینجرز سندھ نے کہا ہے کہ ضیاء الدین ہسپتال پر چھاپہ مارنے کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

مزیدخبریں