راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + بی بی سی+ نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک اور 8 ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری کی گئی۔ کارروائی دتہ خیل کے علاقے الوارا‘ خرتنگی اور مائزر میں کی گئی۔ بعض ذرائع کے مطابق 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دریں اثنا جنوبی وزیرستان کی تحصیل تیارزہ میں ایف سی کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل تیارزہ کے علاقے کنڈفرائی میں دہشت گردوں نے ایف سی کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکہ کر دیا جس سے گاڑی میں موجود 7 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں کرم ایجنسی میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا‘ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دہشت گردوں نے سرحد پار سے چیک پوسٹ پر 5 راکٹ فائر کئے۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی اور حملہ آوروں کے ٹھکانوں کو تو پخانے سے نشانہ بنایا۔ دوسری جانب پشاور میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران کرایہ جاری کی دستاویزات نہ رکھنے والوں سمیت 38 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ شمالی وزیرستان میں مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ زمینی کارروائی بھی شروع کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک وقفے کے بعد سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں بڑی کارروائی شروع کی ہے۔ ادھر شمالی وزیرستان کے دیگر علاقوں کو نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دریں اثناء کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ترجمان نے جنوبی وزیرستان حملے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے۔ پشاور کے نواحی علاقہ سفید ڈھیری میں دو مارٹر گولے ناکارہ بنا دئیے گئے۔ ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں غیرقانونی طور پر کوئٹہ میں مقیم 51افغان باشندے حراست میں لے لئے گئے۔ ترجمان کے مطابق ایف سی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے چشمہ میں کارروائی کے دوران دیسی ساختہ دو بم اور 15 کلو بارود برآمد کرلیا۔