دبئی(نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے آخری روز اسے واقعی پاکستانی ٹچ دے دیا گیا۔ ملکی ہی نہیں بلکہ غیر ملکی لیجنڈز کو بھی قومی لباس شلوار قمیص پہنائی گئی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کرکٹ سٹارز کو بلوچ سرداروں کے ناموں سے منسوب کر دیا گیا۔پہلی پی ایس ایل کو یادگار بنانے کے لیے ایک نیا رنگ دے دیا گیا۔ ایونٹ میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی براڈ کاسٹرز پاکستان کے قومی لباس شلوار قمیص میں ملبوس نظر آئے۔ کمنٹری کے فرائض انجام دینے والے ٹام موڈی ، ایلن وِلکنز، پیٹ سِم کاکس سمیت بازید خان اور سابق کپتان رمیز راجہ کو انتظامیہ کی طرف سے شلوار قمیص کا سرپرائز تحفہ دیا۔یہ سب تو اپنی جگہ اصل رنگ تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کے تھے جنہیں بلوچستان کی ثقافتی لباس پہنایا گیا ساتھ ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی بلوچ سرداروں کے ناموں ساتھ منسوب کیا گیا۔