دبئی(نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دولت مشترکہ ٹیم کی پاکستان میں میزبانی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے دوروں سے بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کی راہ ہموار ہوگی۔ ہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک سے رابطے میں ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر دولت مشترکہ کی ٹیم پاکستان میں کھیل سکے تو پھر ہم پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے کچھ میچوں کا انعقاد اپنے ملک میں کر سکتے ہیں۔ اگر یہ ہوتا ہے تو اس سے ہمارے لیے برف پگھلے گی، پی ایس ایل نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دوسرے ممالک میں بھی دلچسپی حاصل کرلی ہے جو ہمارے لیے بڑا نیک شگون ہے۔پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن نے کرکٹ کے حلقوں میں کچھ کانٹے دار مقابلوں اور متحدہ عرب امارات میں تماشائیوں کی بڑی تعداد کے باعث بھر پور توجہ حاصل کی ہے۔لیگ سے بڑی توقعات وابستہ تھیں اور 4 فروری کو اس کے افتتاح کے ساتھ ہی مداحوں نے اس کا موازنہ انڈین پریمیئر لیگ اور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے کرنا شروع کردیا تھا۔