::::حکومت کو عوامی مسائل کے حل کیلئے تھنک ٹینک بنانا چاہئے: جاوید ہاشمی

Feb 24, 2017

عبدالحکیم +کبیر والا (این این آئی) مسلم لیگ ن کو عوامی مسائل کے حل کے لئے تھنک ٹینک بنانا چاہئے، نریندر مودی کی پالیسیاں بھارت کو تباہ کر دیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ویژن درست ثابت ہوا نئی دنیا کا سورج ابھر رہا ہے اگر جمہوریت ختم ہوئی تو امریکہ ٹوٹ جائے گا ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مدت پوری نہیں کر سکیں گے اور آئندہ پندرہ سے بیس برسوں میں امریکہ کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ بھارت بھی پندرہ سے بیس برسوں میں ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ سابق روسی صدر گوربا چوف سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہونگے اب معاشیات اور اقتصادیات پر نئے بلاکس بنیں گے۔ امریکہ اور اسرائیل ایک کشتی کے مسافر ہونگے چین اور مسلم ممالک آپس میں اتحاد کریں گے۔ پنجاب کی آبادی سب سے زیادہ ہے اسے مختلف صوبوں میں تقسیم کر دیا جائے اور لاہور شہر کو بھی صوبہ کا درجہ دیا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کو ایک تھنک ٹینک بنانا چاہئے جو عوام کے مسائل حل کرنے غربت، بے روز گاری، بھوک و افلاس کو ختم کرنے کےلئے تجاویز دے۔ ڈی سنٹر لائزیشن کرکے زیادہ سے زیادہ صوبے بنائیںجائیں۔ نریندر مودی کی پالیسیاں انڈیا کو تباہ کر دیں گی۔

جاوید ہاشمی

مزیدخبریں