لاہور / گجرات (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) لاہور اور گجرات میں امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ سعید کیخلاف وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر وکلاءاور شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے خواجہ آصف کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں وکلاءاور شہریوں نے امیرجماعت الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید کے خلاف وزیر دفاع کے بیان کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے وفاقی حکومت سے خواجہ آصف کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرہ سے چیئرمین پاکستان زندہ باد پارٹی سردار آفتاب احمد ورک، صدر حرمت رسول لائرز موومنٹ راو¿ طاہر شکیل، چیئرمین سول سوسائٹی سرکل پاکستان علی عمران شاہین، ناظم اعلیٰ ورلڈ پاسبان ختم نبوت علامہ ممتا ز اعوان ،نعمان یحییٰ ، پیر ایس اے جعفری، ڈاکٹر شاہد نصیر و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پروفیسر حافظ محمد سعید اس ملک کے سب سے بڑے محسن اور محافظ ہیں۔ انہیں بھارت، امریکہ اور یورپ کو خوش کرنے کے لئے پہلے نظر بند کیا گیا اور اب جرمنی میں بیٹھ کر وزیر دفاع نے بھارتی زبان بولتے ہوئے ان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ جماعة الدعوة گجرات اور تحریک آزادی جموں کشمیرکے زیراہتمام وزیردفاع خواجہ آصف کی پروفیسرحافظ سعید کے خلاف بیان بازی اورپاکستان میں بھارتی کھلم کھلادہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا احتجاجی مظاہرہ کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جس پر بھارت کے خلاف آزاد کشمیرکے حق میں اور وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف فقرے اور نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں گجرات بارکے جنرل سیکرٹری عرفان بٹ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدرجماعة الدعوة مولانا محمد ابو احمد نے کہاکہ خواجہ آصف کے بیان سے کشمیریوں کے زخموں پرنمک چھڑکاگیا ہے۔ حافظ سعید کی نظربندی کی مذمت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے حافظ محمد سعید کے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا خواجہ آصف کو چاہیے تھا کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے غاصب بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف جرمنی میں آواز بلند کرتے تاکہ دنیا میں مسئلہ کشمیر اجاگر اور انڈیا کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب ہوتی۔ خواجہ آصف کے بیان سے پوری پاکستانی قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ خواجہ آصف کی تقریر کے متعلق جان کر حیرت ہو رہی ہے۔ وفاقی حکومت اس وقت امریکی دباﺅ میں ہے اس لیے ایسے بیانات دئیے جارہے ہیں جو ناقابل فہم ہیں۔ پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ جماعة الدعوة نے قائدین اور کارکنوں کی قربانیاں پیش کر کے حصول مقصد کی جانب اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ مفتی محمد نعیم نے کہا کہ حافظ محمد سعید کا کردار قوم سے ڈھکا چھپا نہیں۔ پاکستان کے دشمن حافظ سعید کو دہشت گرد کہتے ہیں پاکستانیوں کے لیے تو وہ محسن ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کے متعلق خواجہ آصف کا یہ بیان بیرونی آقاﺅں کو خوش کرنے کے لیے ہے۔ مولانا عبد الرحمن سلفی نے کہاکہ حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت ایک پرامن وفلاحی تنظیم ہے۔ علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اپنا نہیں بلکہ امریکہ کا موقف بیان کیا ہے۔
حافظ سعید مظاہرے