راولپنڈی/ گلگت/ سیاچن (آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم داخلی سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود بیرونی خطرات سے غافل نہیں ہیں، پاک فوج مشرق سے ہر دائمی خطرے کا موثر اور بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے، ہماری آزادی شہداءکی قربانیوں کی مرہون منت ہے، وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ وہ جمعرات کو دنیا کے بلند ترین محاذ سیا چن کے دورہ کے موقع پر فوجی جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دنیا کے بلند ترین محاذ سیاچن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہداءگیاری کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی ہمارے شہداءکی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جان کو قربان کرنے سے بڑا نیک کام کوئی نہیں جبکہ گوما اور گلگت میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ ہم سب کو پاکستان کا سپاہی ہونے اور مشکل موسموں اور مشکل حالات میں قطعہ زمین کے قطع نظر اس کے دفاع پر فخر ہے۔ ہم مادر وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اندرونی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے باوجود مشرقی سرحد سے درپیش ہر دائمی خطرے کا بھرپور اور موثر جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ بعدازاں آرمی چیف نے گلگت بلتستان کے عمائدین سے بھی ملاقات کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج وفاق کا حصہ ہونے کے ناطے گلگت بلتستان کے حقوق یقینی بنانے اور اس حوالے سے ہر اقدام کی حمایت کرتی ہے۔
داخلی سکیورٹی چیلنجز کے باوجود مشرق سے ہرخطرے کا مﺅثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں:جنرل قمر باجوہ
Feb 24, 2017