پاکستان کے جارحانہ اقدامات سے تعلقات مزید خراب ہونگے: افغانستان

Feb 24, 2017

کابل +اسلام آباد (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) ترجمان افغان وزارت خارجہ احمد شکیب نے کہا ہے کہ عالمی قوانین توڑنے والے کسی بھی پاکستانی اقدام کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔ افغان حکومت اور سکیورٹی فورسز ملکی سالمیت کی حفاظت کیلئے تیار ہیں، ملکی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کریں گے، پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات عوام کے مفاد میں نہیں۔ پاکستان کی طرف سے جارحانہ اقدامات کے رکنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پاکستان کے جارحانہ اقدامات پاک افغان تعلقات کو مزید خراب کریں گے۔پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زخیلوال نے کہا ہے کہ انہوں نے پاک فوج کی قیادت اور مشیر خارجہ کو سرحد کھولنے کے لئے درخواست کی ہے۔ افغان سفیر عمر زخیلوال نے پاک افغان سرحد کھولنے کے لئے پاک فوج کی قیادت اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز کو خط لکھا ہے۔ عمر زخیلوال نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ 2 روز قبل پاکستانی حکام نے سرحد کھولنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا جس کے بعد انہوں نے اس حوالے سے پاک فوج کی قیادت اور مشیر خارجہ کو خط لکھا جس میں استدعا کی گئی کہ وہ پاک افغان سرحد کو فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور مجھے قوی امید ہے کہ خط کے بعد سرحد کھول دی جائے گی۔ عمر زخیلوال نے کہا کہ سپن بولدک، طورخم اور دیگر قانونی راستوں پر دونوں اطراف میں سخت چیکنگ کا نظام موجود ہے، سرحدوں کی بندش سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت سرحد بند نہیں کی جاسکتی جبکہ سرحد کی بندش غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

مزیدخبریں