لاہور ہائی کورٹ بار کےسالانہ انتخابات کل منعقد ہوں گے، صدر، نائب صدر، سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کے لئے چودہ امیدواروں کے درمیان انتخابی دنگل ہو گا

Feb 24, 2017 | 20:29

ویب ڈیسک

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل منعقد ہوں گے ۔چار عہدوں صدر، نائب صدر، سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کے لئے چودہ امیدواروں کے درمیان انتخابی دنگل ہو گا۔ صدر کے عہدے کے لئے چار، نائب صدر کے لئے دو، سیکرٹری کے لئے پانچ اور فنانس سیکرٹری کے لئے تین امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ صدارتی امیدواروں میں عا صمہ جہا نگیر گروپ کے ایم رمضان چوہدری اور حامد خان گروپ کے چوہدری ذوالفقارعلی کے علاوہ سردار خرم لطیف کھوسہ اور آذر لطیف خان شامل ہیں۔ نائب صدر کے لئے راشد لودھی اور چوہدری محمد سلیم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔سیکرٹری کے امیدواروں میں عرفان ناصر چیمہ، عامر سعید راں، حسن اقبال وڑائچ، ،ملک زاہد اسلم اعوان اور میاں مظفر حسین شامل ہیں۔ فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لئے ظہیر بٹ، انتظار حسین کلیار اور حافظ اللہ یار سپرا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔لاہور ہائی کورٹ بار کے الیکشن میں 21 ہزار 481رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔لاہور بار کے حالیہ انتخابات کے بعد لاہور ہائیکورٹ بار کے امیدواروں کی طرف سے  انتخابی سرگرمیاں جاری رہیں۔ انتخابی اُمیدواروں نے ووٹرز وکلاءسے ان کے چیمبرز میں جاکر ملاقاتیں کیں ۔ وکلاءرہنماوں کا بھی اپنے حامی گروپ کی کامیابی کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری رہا۔انتخابی اُمیدواروں نے شہر کے مہنگے ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس میں اپنے اپنے حامی ووٹرز کے اعزاز میں ظہرانے، عصرانے اور عشائیہ د یئے ۔ چیئرمین الیکشن بورڈ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بارکے انتخابات میں پولنگ مینوئل اور بائیومیٹرک دونوں طریقوں سے کرائی جائے گی ۔ انہوں نے الیکشن انتظامات کے بارے بتایاکہ بار کے 21 ہزار 481رجسٹرڈ ووٹرز میں 13 ہزار بائیومیٹرک سسٹم میں آچکے ہیں۔چودہ پولنگ بوتھ قائم کیئے جائیں گے۔ جن میں سے ایک بوتھ خواتین وکلاءووٹرز کے لئے مختص ہوگا۔ پولنگ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی کے پیش نظرقومی شناختی کارڈ اور بار کے کارڈ پر وکلاءووٹرز کو داخلے کی اجازت ہوگی اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا.

مزیدخبریں