احد چیمہ کی گرفتاری پر بیورو کریسی کا احتجاج شرمناک ‘ گٹھ جوڑ آج بے نقاب کرونگا : عمران

Feb 24, 2018

اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گاڈ فادر شہباز شریف کی سربراہی میں کرپٹ ٹولہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔ عمران خان نے آشیانہ ہاو¿سنگ سکینڈل میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف پنجاب کی بیوروکریسی کے احتجاج پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے فرنٹ مین احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کا احتجاج شرمناک ہے۔ اگر اس ٹولے کے ہاتھ صاف ہیں تو احتساب سے کیوں گھبراتے ہیں۔ میں ایک سیاسی رہنما کی حیثیت سے قانون کی حکمرانی اور احتساب پر مکمل ایمان رکھتے ہوئے سپریم کورٹ گیا، جہاں میں نے اپنی صفائی میں 50 سے زائد دستاویز پیش کیں۔ افسروں کے اس ٹولے نے اگر کرپشن یا لوٹ مار میں معاونت نہیں کی تو پھر انہیں کس بات کا خوف ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار جنگلات کی رائلٹی براہ راست خواتین کو دی جارہی ہے۔ خیبر پی کے حکومت نے جنگلات کی رائلٹی میں پہلی بار خواتین کو بھی حصے دار بنایا ہے اور اس کا آغاز ضلع چترال سے کیا گیا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے میں خیبر پی کے دیگر صوبوں سے کہیں آگے ہے۔ عمران خان نے بیوروکریسی کی سازش بے نقاب کرنے کا اعلان کردیا۔ آج ہفتہ کے روز پریس کانفرنس میں حقائق منظر عام پر لاﺅں گا۔ آج شہباز شریف اور بیوروکریسی کے درمیان کرپشن اور بیوروکریٹس کے درمیان کرپشن کا گٹھ جوڑ بے نقاب کروں گا۔ بتاﺅں گا احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد شہباز شریف کو کس بات کا ڈر ہے۔ ادھر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ درباری افسروں کو بچانے کیلئے قومی احتساب بیورو پر دباﺅ ڈالا جارہا ہے۔ گزشتہ روز نیب کی جانب سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر تحریک انصاف کے رہنما نے تبصرہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی ہونی چاہیے۔
عمران خان

مزیدخبریں