لاہور (صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بغیر عہدے کے بھی عوام میاں صاحب کی طرف دیکھتے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔ سب جانتے ہیں نوازشریف کو سزا کیوں مل رہی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرے۔ تجاوز کریں گے مسئلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں لوگوں کو 6 مہینے میں چھوڑ دیا جاتا تھا۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پانی سر سے گزرتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا احد چیمہ ملک سے فرار ہوئے تھے؟ بکتر بند گاڑیوں میں ملک کی خدمت کرنے والوں کو نہیں لایا جاتا۔ ایاز صادق نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم اور شرجیل میمن کو بھی تفتیش کیلئے بلاتے۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ دوران تفتیش گرفتاری مناسب نہیں۔ نیب کے حوالات کی تصاویر میڈیا میں لانا غیر مناسب ہے۔